تین طلاق کے معاملے پر کچھ مسلم خواتین نے جمعہ کو اترپردیش کے وزیر اعلی
یوگی آدتیہ ناتھ سے لکھنؤ میں ملاقات کی ۔ یوگی سے ملنے والی مسلم خواتین
میں سپریم کورٹ میں تین طلاق کو لے کر عرضی داخل کرنے والی فرح فیض بھی
شامل تھیں۔ فیض نے یوگی سے ملاقات کر کے تین طلاق کا مسئلہ اٹھایا ۔ یوگی
سے ملاقات کے بعد خواتین نے کہا کہ وزیر اعلی نے مدد کی یقین دہانی کرائی
ہے۔
خیال رہے کہ تین طلاق کا مسئلہ طویل عرصہ سے میڈیا میں موضوع بحث ہے۔ تین
طلاق کے معاملہ پر کچھ دنوں قبل ریتا بہوگنا جوشی سے بھی مسلم خواتین نے
ملاقات کی تھی اور انہوں نے اپیل کی تھی کی ریتا بہوگنا ان کی بات وزیر
اعلی یوگی تک
پہنچادیں۔
قابل ذکر ہے کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ایگزیکٹو ممبر کمال فاروقی نے واضح
کر دیا ہے تین طلاق مذہب سے وابستہ معاملہ ہے اور یہ ختم نہیں کیا جا سکتا
ہے۔ جبکہ بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی وقتا فوقتا اس معاملہ پر لب کشائی
کرتے رہتے ہیں اور اس کی مخالفت کرتے رہتے ہیں ۔ سوامی کا کہنا ہے کہ
مسلمان مرد نہیں چاہتے کہ کوئی اصلاح ہو۔
غور طلب ہے کہ بی جے پی نے یوپی اسمبلی انتخابات میں تین طلاق کو ختم کرنے
کا وعدہ کیا تھا۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے کہا تھا کہ یوپی میں اگر ان کی
پارٹی اقتدار میں آئی، تو وہ تین طلاق معاملہ پر مسلم خواتین سے رائے لیں
گے اور اس کے مطابق سپریم کورٹ میں جائیں گے ۔